شہباز شریف،حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر مل ریفرنس پر سماعت 25 مئی تک ملتوی

لاہور(۔ شاکر محمود اعوان) احتساب عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر مل ریفرنس پر سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی، ریفرنسز میں نامزد ملزمان شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست جمع کرا دی۔

 

لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے آشیانہ اور رمضان شوگر مل ریفرنس کی سماعت کی، احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کمرہ عدالت میں موجود ہیں؟ جس پر وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست دے دی اور مؤقف اختیار کیا کہ شہباز شریف علاج کی غرض سے ملک سے باہر ہیں، جبکہ حمزہ شہباز کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث وہ بھی عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، لہذا عدالت حاضری سے اشتشنیٰ کی درخواست منظور کرے۔

 

جج جواد الحسن نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکلاء سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ کیا شہبازشریف دو ہفتوں تک وطن واپس آجائیں گے؟ جس پر وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہیں۔ ڈاکٹرز نے مزید علاج معالجے کے لیے انہیں بیرون ملک رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہباز شریف خود عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔

 

نیب کے وکیل وارث جنجوعہ نے دوران سماعت اعتراض اٹھایا کہ شہباز شریف ملزم ہیں، پھر بھی عدالت کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر گئے۔ عدالت شہباز شریف کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے شہباز شریف کو واپس لانے کا حکم دے اور عدالت شہباز شریف کے ورانٹ گرفتاری جاری کرے۔ عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر مل ریفرنس کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی اور تمام ملزمان کو طلب کر لیا۔

عطاء سبحانی  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں