شہباز شریف،حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت28مئی تک ملتوی

لاہور(پبلک نیوز) احتساب عدالت میں رمضان شوگر مل اور آشیانہ اسکینڈل کی سماعت، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 15 دن کا وقت اسی لیے دیا تھا کہ شہباز شریف علاج کرا کے واپس آجائیں۔ اٹھائیس مئی تک جواب جمع کرائیں کہ شہباز شریف کب پیش ہوں گے۔

 

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ریفرنس پر سماعت کی، جس کے دوران حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی، شہباز شریف کے وکیل نے بتایا کہ ان کے مؤکل علاج کے لیے بیرون ملک ہیں اور 7 جون کو ان کے میڈیکل ٹیسٹ ہونے ہیں۔

 

وکیل نے واضح کیا کہ شہباز شریف کے میڈیکل ٹیسٹ پاکستان میں ممکن نہیں ہیں، اس لیے پیشی سے استثنیٰ دیا جائے۔ احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ عدالت نے 15 دنوں کا استثنیٰ دیا تھا۔ عدالت کو بتایا جائے شہباز شریف کب پیش ہوں گے۔ نیب کے وکیل نے کہا کہ شہباز شریف عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک گئے ہیں، جو ایک مذاق ہے، عدالت نے شہبا ز شریف کو آج کی حاضری سے استثنیٰ دے دیا اور کارروائی 28 مئی تک ملتوی کر دی۔

عطاء سبحانی  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں