بیوی میکے سے واپس دلا دو، شوہر سپریم کورٹ پہنچ گیا

 

پبلک نیوز: بکھر کا رہائشی درخواست لے کر سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے کہ بیوی میکے سے واپس دلا دو۔ جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ عدالتوں میں ایسے معاملات حل نہیں ہوتے، بیوی کو خرچہ دے کر اپنی طرف مائل کریں۔

 

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بیوی کو میکے سے گھر لانے سے متعلق شوہر کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مؤکل نے بیوی کو طلاق نہیں دی لیکن وہ شوہر کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی۔

 

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ کیا وہ طلاق لینا چاہتی ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ بازار سے صرف پھول لے کر بھیج دیں تو بیوی واپس آ جائے گی۔ ان کی بیوی نان نفقہ مانگ رہی ہے۔ بچی کو چاند ستارے نہیں چاہیے۔ عید پر اس کے لیے کپڑے بھیج دیا کریں کچھ تو ایسا کریں۔

 

جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ عدالتوں میں ایسے معاملات حل نہیں ہوتے، بیوی کو خرچہ دے کر اپنی طرف مائل کریں۔ پیار محبت سے بیوی کو کوئی چیز تو بھیجیں، عورت کو بھی پتا چلے کہ شوہر پیار کرتا ہے۔

 

جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ اگر وکیل شادی شدہ ہیں تو اپنے موکل کو بھی  گُر سکھائیں کہ بیوی کو کیسے خوش رکھا جاتا ہے۔ وکیل نے معاملے کو آپس میں مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر معاملہ نمٹا دیا۔

احمد علی کیف  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں