مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہوں: چوہدری نثار

راولپنڈی (پبلک نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنماء چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اکتوبر میں اس قدر مہنگائی آئے گی کہ قوم چیخ اٹھے گی.

 

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں مسلم لیگ ن کا ابھی حصہ نہیں ہوں۔ شاہد خاقان عباسی ابھی تک رابطے میں ہیں جس پر میں اُن کا شکر گزار ہوں۔ پاکستان میں مہنگائی کی شرح خطرناک حد کو پہنچ گئی، مستقبل میں مزید مشکل ترین حالات آنے والے ہیں۔ حکومت اشیاء میں اضافے سے بہتر ہے کہ خود بھی اخراجات برداشت کرے۔

 

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف امریکا کے کہنے پر چلتا ہے اور بھارت نے ٹرمپ انتظامیہ کے ہمارے خلاف کان بھر دیے ہیں، جب تک انڈیا میں بی جے پی کی حکومت ہے کسی بھی اچھی چیز کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔

 

سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جاتے ہیں۔ وہاں لوگوں کو زندہ جلا دیا جاتا ہے۔ پاکستانی فنکار، کھلاڑی اور عام لوگ بھارت نہیں جاسکتے، وہاں کوئی اسلام کی بات کرے تو اُس کی زندگی تنگ کردی جاتی ہے لہذا بھارت یا وہاں کے حکمرانوں کے لیے خیر خواہی کا جذبہ رکھنا حماقت ہے۔

 

اُن کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے جس طرح کارکردگی دکھائی اس طرح اظہار نہیں ہوا، انٹیلی جنس رپورٹ ہے پاکستان کے حوالے سے دیگر ممالک کیا پالیسی اختیار کرنے جارہے ہیں، لہذا سیاسی مخالفین کے بجائے اس بات پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ اب پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اور اس مسئلے سے باہمی اتحاد و اتفاق سے ہی نمٹا جاسکتا ہے۔

حارث افضل  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں