وزیراعظم کا یوم اقبال کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہم پیغام

اسلام آباد(پبلک نیوز) یوم اقبال پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کا یوم اقبال کے موقع پر پیغام، وزیر اعظم عمران اپنے پیغام میں کہا کہ آج پوری قوم عظیم مفکر و شاعر علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ پوری ملت مسلمہ بھی علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔


ملک بھر میں آج مفکر پاکستان اور شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کا یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے یوم اقبال کے حوالے سے پوری قوم کے لیے ایک پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علامہ اقبالؒ کے خواب کی تعبیر ہے۔ علامہ اقبال نے مسلمانان برصغیر کو اس وقت راستہ دکھایا جب وہ غلامی کے اندھیروں میں منزل کھوچکے تھے۔

 

وزیراعظم عمران خان کا پیغام میں کہنا تھا کہ علامہ اقبال کے افکار و سوچ نے اُمید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے راستے اور منزل کی نشاندہی کی۔ علامہ اقبال کا شہرہ آفاق کلام دُنیا کے ہر حصے میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے۔علاقہ اقبال کے نزدیک عمل ہی زندگی ہے۔ علامہ اقبال نے ہمیشہ مسلمانوں کو اتحاد اور اتفاق کی تلقین کے ساتھ دعوت عمل بھی دی۔ علامہ اقبال نے برسوں پہلے ان مسائل کی پیش گوئی کی جن کا ہمیں آج بھی سامنا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت، انتہا پسندی اور نئے اجتماعی گروہوں کی تشکیل بارے "اقبال "کی سوچ مشعل راہ ہے۔ شاہین کے تصوراور خودی کے فلسفے پر عمل پیرا ہو کر ہم پاکستان کو اقوام عالم میں اصل مقام دلا سکتے ہیں۔ فکر اقبال کو اپنی زندگیوں میں اپنا کر علم و عمل کا ایک نمونہ بن کر دُنیا کو اپنے کردار سے منور کرنا چاہیے۔

 

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اقبال کے تصورات کے تحت پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست کے طورپر روشناس کرانے کا وقت ہے۔ میں نے یوم اقبال پر تعطیل کی بجائے فکراقبال اجاگر کرنے کے لئے سرکاری پروگرامز منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آج کے دن سکولوں، کالجز اور تعلیمی اداروں میں بھی خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے۔ پروگرامز کے ذریعے نوجوان نسل کو علامہ اقبال کی سوچ سے روشناس کرایا جائے۔

عطاء سبحانی  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں