وزیراعظم عمران خان کی 16 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد (پبلک نیوز) نئے وزیراعظم کی 16رکنی نئی  وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔ شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، پرویز خٹک، اسد عمر، زبیدہ جلال، خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر وزیر بن گئے۔ صدرممنون حسین نے  نئے وزراء سے حلف لیا۔

وزیراعظم نیا، کابینہ نئی، 16رکنی  وفاقی کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف  اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان، چئیرمین سینٹ  صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی  اسد قیصر ،پنجاب اور سندھ کے نامزد گورنرز سمیت اراکین اسمبلی  بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ صدرمملکت ممنون حسین نے نئے وزراء سے حلف لیا۔

 

اسد عمر وزیر خزانہ بن گئے۔ فواد چودھری وزیراطلاعات ونشریات۔ پرویز خٹک  وزیردفاع۔ شاہ  محمود قریشی وزیرخارجہ بن گئے۔ عامر کیانی نیشنل ہیلتھ سروسز کی وزارت پر براجمان ہوئے۔ شیخ رشید کو ریلوے کی وزارت مل گئی۔ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی آئی ٹی، فروغ نسیم وزیر قانون بن گئے۔ چودھری غلام سرور پٹرولیم، اور  شفقت محمود تعلیم اور پروفیشنل ٹریننگ کے وزیر ہوں گے۔

شیریں مزاری  انسانی حقوق، بلوچستان عوامی پارٹی کی زبیدہ جلال دفاعی پیدوار، جی ڈی اے کی فہمیدہ مرزا بین الصوبائی رابطہ کی وزیر بن گئی۔ مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ سیفران، نورالحق قادری مذہبی امور جبکہ خسرو بختیار نے وزارت پانی کا قلمدان سنبھال لیا ہے۔

حارث افضل  1 سال پہلے

متعلقہ خبریں