علی رضا عابدی کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی

کراچی(پبلک نیوز) امن دشمنوں کا ایک اور وار، ایم کیو ایم کے سابق رہنماء علی رضا عابدی گزشتہ روز شرپسند عناصر کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے، علی رضا عابدی کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے۔

 

علی رضا عابدی منگل کی رات ساڑھے نو بجے کے قریب اپنے دفتر سے گھر پہنچے۔ سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی ان کی گاڑی گھر کے دروازے پر رکی، تعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل سوار بھی ان کے قریب آ کر رکیں۔ علی رضا عابدی گاڑی میں بیٹھے گیٹ کھلنے کا انتظار کر رہے تھے کہ موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے ٹارگٹ کلر نے گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے علی رضا عابدی پر گولیاں چلائیں اور فرار ہو گئے۔

متعلقہ خبر:کراچی میں فائرنگ سے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی جاں بحق

ایس ایس ساؤتھ کے مطابق گارڈ کے دروازہ کھولنے کے بعد فائرنگ ہوئی، گارڈ جوابی کارروائی کرنے کے بجائے گھر کے اندر چلا گیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ نے کہا کہ ہتھیار پہلے کبھی کسی واقعے میں استعمال ہوا یا نہیں اس کی فرانزک تحقیقات جاری ہیں، معاملے کی ہر زاویے سے انکوائری کر رہے ہیں۔

 

علی رضا عابدی کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی، رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق رہنماء اور قومی اسمبلی کے سابق رکن علی رضا عابدی کو نامعلوم ٹارگٹ کلرز نے گزشتہ روز ڈیفنس فیز 5 کے علاقے خیابان غازی میں ان کے گھر کے باہر نشانہ بنایا۔

علی رضا عابدی کو ایک گولی گردن، ایک کندھے اور ایک گولی چہرے پر لگی۔ گردن پر لگنے والی گولی موت کی وجہ بنی۔ علی رضا عابدی کے سی ٹی اسکین اور ایکسرے بھی کیے گئے۔ حتمی رپورٹ ایکسرے اور سی ٹی اسکین کی رپورٹس آنے کے بعد مرتب کی جائے گی۔

 

علی رضا عابدی کی میت جناح ہسپتال سے امام بارگاہ یثرب منتقل کر دی گئی، جہاں نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے ان کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی اور واقعہ پر شدید افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ایم کیو ایم رہنماء کے قتل پر گورنر و وزیراعلی سندھ نے بھی نوٹس لیا ہے اور قاتلوں کی الفور طور پر گرفتاری کے احکامات بھی دے دیے۔

عطاء سبحانی  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں