جعلی اکاؤنٹس کیس، زرداری، فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 9 مئی تک توسیع

اسلام آباد(پبلک نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیش رفت، احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں9 مئی تک توسیع کر دی، دونوں کو بیس بیس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ دو خواتین کے بعد ایک ملزم نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دے دی۔

 

جعلی اکاؤنٹس کیس میں نامزد ملزم آصف زرداری اور فریال تالپور آج تیسری بار احتساب عدالت اسلام آباد پیش ہوئے۔ جج ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی۔ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے استفسار کیا کہ گرفتار ملزم حسین لوائی اور دیگر چار ملزم کہاں ہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا چیف سیکریٹری سندھ کو حوالگی پر دو خط لکھے لیکن جواب نہیں ملا۔

 

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ نجی بینک کے چیئرمین ناصر عبداللہ ملک سے باہر اور وزیر خان غیر حاضر ہیں، اقبال آرائیں کی موت کا سرٹیفکیٹ تصدیق کے لیے بھیجا ہے۔ جج ارشد ملک نے ریمارکس دیئے کہ نیب معاملہ چیف سیکریٹری کے سامنے اٹھائے ہم سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہیں۔ جج ارشد نے استفسار کیا کہ دو خواتین کے وعدہ معاف گواہ بننے کا کیا بنا؟ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ جرم میں خواتین کے کردار کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ایک ملزم شیر محمد نے بھی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دی ہے، جس کا جائرہ لیا جا رہا ہے۔ احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 9 مئی تک ملتوی کر دی۔

عطاء سبحانی  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں