توانائی کے بحران سے نجات حاصل کرنے کیلئے سولر انرجی،سولر پی وی سسٹم متعارف

اسلام آباد (حرا مصطفی) پاکستان میں بجلی کا بحران دن بہ دن شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، بجلی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، توانائی کے بحران سے نجات حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد میں سولر انرجی کے استعمال اور سولر پی وی سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے۔

 

توانائی کے بحران سے نمٹنے اور بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے اسلام آباد میں پرائیویٹ سیکٹر نے سولر کوالٹی فاونڈیشن اور آلٹر نیٹو انرجی ڈیولپمنٹ بورڈ کے تعاون سے سولر انرجی کی تنصیب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ایک نیا آلہ سولر کوالٹی پاسپورٹ متعارف کروایا۔ سولر کوالٹی فاونڈیشن کے چیئرمین محمد اسحاق بھٹی کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے اور توانائی کے بحران سے نجات کے لیے ہمیں قابل تجدید توانائی کا استعمال بڑھانا ہو گا۔

 

ڈیوڈ ویڈی پول مینجنگ ڈاریکٹر جرمن سولر ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ جرمنی کی جغرافیائی پوزیشن پاکستان سے بہت مختلف ہے اور زمینی اعیتبار سے پاکستان میں سولر انرجی کا استعمال ماحولیاتی پس منظر میں بہت سازگار ہے۔ سولر کوالٹی پاسپورٹ ایک ایسی سرٹیفکیشن ہے، جس میں شمسی توانائی کی تنصیبات کے معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ تعلیمی پروگرام بھی شامل ہیں، جن کے ذریعے لوگوں میں سولر انرجی کے حوالے سے آگاہی بیدار کی جائے گی۔

عطاء سبحانی  3 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں