گوادر آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک، 5افراد شہید ہوئے: آئی ایس پی آر

گوادر(پبلک نیوز) گوادر میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن مکمل ہو گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ پانچ افراد شہید ہوئے ہیں، دہشت گردوں کی لاشیں شناخت کے لئے تحویل میں لے لی گئی ہیں۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گوادر میں کلئیرنس آپریشن مکمل کر لیا، پی سی گوادر میں کلئیرنس آپریشن کے دوران تینوں دہشتگرد مارے گئے۔ شناخت کیلئے دہشتگردوں کی لاشیں قبضے میں لے لی گئیں۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران 5 افراد شہید ہوئے۔ شہداء میں پی سی ہوٹل کے 4 ملازم اور پاک بحریہ کا سپاہی شامل ہے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 افراد زخمی ہوئے جن میں پاک فوج کے 2 کیپٹن اور پاک بحریہ کے 2 سپاہی شامل ہیں، پی سی ہوٹل کے 2 ملازم بھی زخمی ہوئے، دہشتگردوں نے ہوٹل میں گھس کر مہمانوں کو یرغمال بنانے کی کو شش کی، ہوٹل کے داخلی راستے پر سیکیورٹی گارڈز نے دہشتگردوں کو روکا، مرکزی ہال میں گھسنے کی کوشش ناکام ہونے پر دہشتگردی بالائی منزلوں کی جانب گئے۔ دہشتگردوں نے اندر گھس کر فائرنگ کی جس سے ہوٹل کے 3 ملازم شہید ہوئے۔ ہوٹل کے شہید ہونے والے ملازمین میں فرہاد، بلاول اور ظہور شامل ہیں۔ فائرنگ سے عملے کے 2 اہلکار بھی زخمی بھی ہوئے۔

 

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حملے کی اطلاع ملتے ہی فوج، بحریہ اور پولیس کی کوئیک ری ایکشن فورس موقع پر پہنچی۔ سیکیورٹی فورسز نے مہمانوں اور عملے کو فوری ریسکیو کیا اور دہشتگردوں کو چوتھی منزل کی راہداریوں تک محدود کر دیا گیا۔ مہمانوں اور عملے کے محفوظ انخلا کے بعد کلئیرنس آپریشن شروع کیا گیا۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگردوں نے تمام سی سی ٹی وی کیمرے ناکارہ بنائے۔ دہشتگردوں نے چوتھی منزل کے تمام راستوں پر آئی ای ڈیز نصب کر رکھی تھیں۔ سیکیورٹی فورسز نے نے چوتھی منزل پر پہنچنے کے لیے خصوصی راستے بنائے۔ چوتھی منزل تک رسائی کے بعد فورسز نے تمام دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے تمام آئی ای ڈیز کو بھی صاف کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک بحریہ کے سپاہی عباس خان نے جام شہادت نوش کیا۔ ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے میڈیا سے اظہار تشکر کیا۔

عطاء سبحانی  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں