کشمیری ماؤں اور بیٹیوں کو آج کے دن خراج تحسین پیش کرتے ہیں: وزیر اطلاعات پنجاب

لاہور (پبلک نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب یوم کشمیر منا رہی ہے۔ بھارتی فوج کشمیریوں پر بربریت اور مظالم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر یہاں موجود ہیں۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پنجاب کے وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعجاز چودھری کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیری ماؤں اور بیٹیوں کو آج کے دن خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بہتر سالوں سے کشمیری عوام نے پاکستانی جھنڈا لہرا کر اپنی جدوجہد کو جاری رکھا ہوا ہے۔ کشمیر ہمارا ہے اور سارے کا سارا ہے۔

انھوں نے کہا کہ واحد ایشو ہے جس پر تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں۔ مودی سرکار اور بھارت سے مطالبہ کریں گے کہ کشمیر پر اپنا قبضہ چھوڑیں۔ کشمیر کے حوالے سے قراردادوں پر عمل درآمد کیا جائے۔ کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کمیٹی کی چئیرمین شپ لے کر کشمیر کاز کو آگے بڑھانا چاہیے تھا۔ کوئی ایک پاکستانی ایسا نہیں جو کشمیر کے لیے آواز نہیں اٹھاتا۔ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے جو ہمارا نعرہ ہے۔ اس وقت شاہ محمود قریشی کی قیادت میں یورپ اور برطانیہ میں کشمیر کاز کی بات کی جا رہی ہے۔

فیاض الحسن نے کہا کہ عمران خان نے مودی سرکار کو مثبت پیغام دیا تھا۔ بھارت ہمارا ہمسایہ ہے اور ہمسائے تبدیل نہیں ہو سکتے۔ بھارت کے ساتھ کاروبار دوستی سب کرنے کو تیار ہیں۔ مگر بھارت کشمیر اور پانی کے مسئلے کو پہلے حل کرے۔

اعجاز چودھری نے کا کہنا تھا کہ یہ دن پاکستان کے دل کی آواز ہے۔ قاضی حسین احمد نے جو پانچ فروری کا بیڑہ اٹھایا آج پوری قوم کی آواز ہے۔ صرف آج کے دن نہیں بلکہ سارا سال کشمیر کی آواز اٹھائی جائے گی۔ اگر سوڈان اور ایسٹ تیمور کو حق خودارادیت مل سکتا ہے تو کشمیریوں کو کیوں نہیں۔ کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا استعمال ظالمانہ اقدام ہے جسے سامنے آنا چاہیے۔ پاک فوج کا اس حوالے سے کردار ناقابل فراموش ہے۔

سمیع اللہ چودھری نے کہا کہ پانچ فروری کا دن منانے کا مقصد کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم دنیا کو دکھانا ہے۔ پوری قوم کشمیریوں کی آزادی کے لیے یک جان ہے۔ کشمیری اپنے حق کے لیے لڑ رہے ہیں۔ نہتے کشمیریوں پر مظالم کیے جارہے ہیں۔

احمد علی کیف  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں