خواجہ سعد رفیق کے 12 اکاؤنٹس میں 50 کروڑ کی رقم پیرا گون سٹی کے اکاؤنٹ سے منتقل ہوئی: نیب

لاہور (شاکر محموداعوان) خواجہ سعد رفیق کے خلاف نیب نے مزید شواہد حاصل کرلیے۔ نیب لاہور نے پیراگون سٹی کے چیف اکاؤنٹس فرحان علی سمیت متعدد افراد کو طلب کرلیا ہے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد، ندیم ضیا سمیت فیملی کے 12 اکاؤنٹس میں 50 کروڑ روپے کی رقم پیراگون سٹی کے اکاؤنٹ سے منتقل کی گئی۔

 

نیب نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے بے نامی اکاونٹس سے متعلق ٹھوس شواہد حاصل کرلیے ہیں۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق پیراگون سٹی کے اکاؤنٹس سے مختلف افراد کو ادائیگیاں کرتے تھے۔ نیب کو موصول دستاويزات کے مطابق پیراگون سٹی کے اکاؤنٹس سے 50 کروڑ روپے کی 200 ٹرانزیکشن ہوئیں اور یہ رقم خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق اور ندیم ضیا سمیت فیملی کے 12 اکاونٹس میں منتقل ہوئی۔

 

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ موصول دستاویزات کے مطابق 5 بینک اکاؤنٹس سے 23 کروڑ 88 لاکھ 45 ہزار روپے نکال کر منتقل کیے گئے۔ نیب نے تفتیش میں قرار دیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق نے اپنی وزارت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اختیارات سے تجاوز کیا۔ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے اربوں روپے مالیت کے کمرشل پلاٹس فروخت کیے جبکہ فروخت کیے گئے پلاٹس پیراگون سٹی کی ملکیت نہیں تھے۔ خواجہ برادران کی جانب سے یہ دھوکے سے فروخت کیے گئے۔

 

نیب پیراگون کے چیف اکاؤنٹس فرحان علی اور بے نامی اکاؤنٹ ہولڈرز کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے پیراگون منی ایکسچینج کےخلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

حارث افضل  5 روز پہلے

متعلقہ خبریں