لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

 

لاہور (پبلک نیوز) پاکستانی سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر 63 سال کی عمر میں لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ طبیعت خراب ہونے پر پنجاب اسنسٹیٹیوٹ آف کرڈیالوجی لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

 

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مایہ ناز اسپنر عبدالقادر 63 سال کی عمر میں لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ بیٹے کی ملک واپسی کے بعد نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ ان کے گھر پر تعزیت کے لیے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ عبدالقادر کے چار بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ مرحوم معروف کرکٹر عمر اکمل کے سسر تھے۔ بیٹا عمران قادر ملک سے باہر ہے۔

 

لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے والد کو اچانک ہارٹ اٹیک ہوا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ وہ کچھ عرصے سے کہہ رہے تھے کہ میرا  ٹائم قریب آگیا ہے۔ کل بھائی پاکستان آئے گا پھر جنازہ کا وقت طے کریں گے۔

 

وزیراعظم عمران خان، چیئرمین پی سی بی اور کرکٹ کھلاڑیوں سمیت دیگر شخصیات نے ان کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

 

 

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ ورثاء کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

 

سندھ حکومت کے ترجمان مشیر  قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب کی جانب سے کرکٹ لیجنڈ عبدالقادر کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا گیا۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عبدالقادر نے کرکٹ میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ عبدالقادر کی کرکٹ کے میدان میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

 

واضح رہے کہ عبد القادر 15 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے پہلا ٹیسٹ 1977میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا۔ ون ڈے کرکٹ میں پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 1983میں کھیلا۔ 67 ٹیسٹ اور 104 ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ٹیسٹ میں 236 جبکہ ون ڈے میں 132 وکٹیں حاصل کیں۔ 2009 میں ان کے دور میں پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ بھی جیتا۔

 

احمد علی کیف  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں