بھارت کو بتادیا ہے کہ جنگ شروع کرے گا تو ختم ہم کریں گے، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی (پبلک نیوز)  ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت کو بتا چکے ہیں کہ اگر اس نے جنگ شروع کی تو ختم ہم کریں گے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیفنس رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اور عسکری قیادت غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، بھارتی قیادت کہتی ہے کہ پاکستان کو 7 سے 10  دن میں ختم کر دیں گے، ذمہ دارافراد ایسے بیانات نہیں دیتے، بات صرف 7 یا 10 دِن کی نہیں اس سے پہلے اور بعد کی بھی ہے، جنگ میں کسی کی ہار جیت نہیں ہوتی، انسانیت ہارتی ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔

 

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جو فوج  71 سال سے 8 ملین کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکی وہ 207 ملین پاکستانیوں کو کیسے شکست دے سکتی ہے؟  افواج اسلحے کے زور پر نہیں، جذبہ ایمانی اور عوام کی حمایت سے لڑتی ہیں اور کوئی دْنیاوی طاقت ایک متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتی، پہلے بھی کہا تھا جنگ شروع آپ کریں گے ختم ہم کریں گے، پاکستان اور افواجِ پاکستان ہمیشہ آپ کو سرپرائز کریں گی۔

 

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ فروری 2019 میں پاک بھارت جنگ دستک دے چکی تھی لیکن افواج پاکستان کی تیاری اور مؤثر جواب نے امن کا راستہ ہموار کیا، تینوں سروسز نے اپنے آپ کو قابل فورس کے طور پر منوایا، پاکستانی قیادت نے اس خطرے کو احسن طریقے سے نمٹایا، جنرل قمر جاوید باجوہ کی سْپیریر ملٹری اسٹریٹیجی نے جنوبی ایشیا کو بہت بڑی تباہی سے بچایا۔

 

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی سول و ملٹری لیڈر شپ خطے میں امن کی خواہاں ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملٹری ڈپلومیسی نے اقوامِ عالم میں پاکستان کا مقام بلند کیا، کامیاب ملٹری ڈپلومیسی نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو نمایاں کیا، انڈین سول ملٹری لیڈر شپ کو بھی خطے میں امن کی اہمیت کا ندازہ ہونا چاہیے، بھارتی لیڈر شپ کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کو بند کریں، مقبوضہ کشمیر میں لگی آگ پورے خطے میں پھیل سکتی ہے، دْنیا کو بھی اس خطرے کا ادراک ہو نا چاہیے۔

احمد علی کیف  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں