مانچسٹر سٹی مسلسل دوسری بار انگلش پریمیئر لیگ کا چمپئن بن گیا

پبلک نیوز: مانچسٹر سٹی نے مسلسل دوسری بار انگلش پریمئر لیگ پر اپنی حکمرانی ثابت کردی۔ ایک پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہنے والی لیور پول کی 29 سال بعد ٹائٹل جیتنے کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔ مانچسٹر یونائیٹڈ ٹاپ 6 ٹیمز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔

 

تفصیلات کے مطابق دفاعی چمپئن مانچسٹر سٹی نے اپنے آخری لیگ میچ میں برائٹن ایف سی کو 1-4 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار ٹائٹل پر اپنا قبضہ جما لیا۔ برائٹن ایف سی نے 27 ویں منٹ میں برتری حاصل کی تو لیور پول کے لیے ٹائٹل جیتنے کی امید پیدا ہوگئی لیکن مانچسٹر سٹی کے سرجیو اوگیرو نے اگلے ہی منٹ میں گول کرکے برائٹن کی برتری ختم کردی۔

 

پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ایمریک لیپورٹے نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کر کے مانچسٹر سٹی کو برتری دلائی جسے دوسرے ہاف میں ریاد مہریز اور گاندوگین نے مزید مستحکم کردیا۔

 

لیگ میں لیورپول نے بھی اپنا آخری میچ وولوز کے خلاف دو صفر سے جیتا مگر وہ ایک پوائنٹ کے فرق سے انگلش پریمئر لیگ کا ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہی۔ لیورپول کی جانب سے دونوں گول سادیو مانے نے اسکور کیئے۔

 

لیگ کے آخری روز مانچسٹرسٹی 98 پوائنٹس کےساتھ پہلے اور لیورپول 97 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ پوائنٹس ٹیبل پر چیلسی نے تیسری، ٹوٹنہیم نے چوتھی، آرسنل نے پانچویں اور مانچسٹر یونائیٹڈ نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔

حارث افضل  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں