نواز شریف منگل کو علاج کیلئے بیرون ملک روانہ ہوں گے: مریم اورنگزیب

لاہور(پبلک نیوز) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف منگل کو بیرون ملک علاج کے لئے روانہ ہوں گے، نواز شریف کو سفر کے قابل بنانے کے لئے سٹیرائڈز کی ہائی ڈوز دینے کا عمل بھی جاری ہے۔ 

 

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف منگل کو علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔ ڈاکٹرز نے نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا، انہیں سفر کے قابل بنانے کے لیے مشاورت کی، مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف کو اسٹرائیڈز کی ہائی ڈوز دی جا رہی ہے تاکہ ان کے پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کے قابل ہو سکے۔ ترجمان ن لیگ نے کہا کہ ہائی بلڈ شوگر، ہارٹ اور دیگر طبی خطرات کو کم سے کم سطح پر لانے کے لیے بھی نواز شریف کو ادویات دی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹرز ایسی محفوظ طبی حکمت عملی پر کاربند ہیں جس سے نواز شریف بحفاظت سفر کر سکیں۔

 

مریم اورنگزیب نے کہاکہ نواز شریف کو لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس منگل کی صبح پہنچے گی۔ منگل کو ہی نواز شریف علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی ٹویٹ کیا کہ طبیعت بہتر ہونے پر نواز شریف 48 گھنٹے میں علاج کے لیے لندن روانہ ہوں گے۔ مکمل طبی سہولیات سے آراستہ ایئر ایمبولینس نواز شریف کو لندن لے کر جائے گی۔

عطاء سبحانی  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں