میاں نواز شریف کی طبیعت ناساز، ہمارے خاندان کو آگاہ تک نہیں کیا گیا: مریم نواز

لاہور (پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے کہا ہے کہ والد صاحب کی طبیعت ناساز ہے مگر خاندان کو آگاہ تک نہیں کیا گیا۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ بتایا گیا ہے میاں نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں اور ان کو کل پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایا جائے گا۔ مجھے یا ہمارے خاندان کو اس سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا اور میڈیکل بورڈ کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹس بھی ابھی تک نہیں دکھائی گئی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے پارٹی قائد محمد نواز شریف کو کل صبح جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ‎جیل حکام فی الفور محمد نواز شریف کی صحت اور ان کے علاج کے حوالے سے صورتحال واضح کریں۔ ‎پارٹی کی قائد کی صحت اور انکی ہسپتال منتقلی کی خبروں کی اطلاعات پر اندرونی اور بیرون ملک کارکنان میں سخت اضطراب پایا جاتا ہے۔

 

 

‎ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل رپورٹس نہ دینا پنجاب حکومت اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کا منفی رویہ اور بیمار انتقامی ذہنیت کی عکاسی  ہے۔ ‎میاں نواز شریف کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اطلاعات ملی ہیں جن پر سخت تشویش ہے۔ ‎تاحال ہمیں محمد نواز شریف کی صحت اور ان کے جیل سے ہسپتال منتقل کیے جانے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی جس پر انتہائی متفکر ہوں۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ‎جیل حکام کی جانب سے محمد نواز شریف کا طبی معائنہ کرنے والے دو میڈیکل بورڈز کی رپورٹس بھی تاحال نہیں دی گئیں۔ ‎سمجھ سے بالاتر ہے کہ حکام کی جانب سے ان میڈیکل رپورٹس کو نہ دینے کے پیچھے کیا منطق ہے؟

‎ن لیگ کی ترجمان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تمام صورتحال سے فی الفور آگاہ کیا جائے اور ان کے علاج معالجہ کے لیے بلا تاخیر ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

احمد علی کیف  5 ماه پہلے

متعلقہ خبریں