عوام حکومت کی 100 روزہ کارکردگی گوگل پر تلاش کریں: مریم اورنگزیب

لاہور (پبلک نیوز) مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ حکومت کے سو دن پی ٹی آئی کے اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کے لیے ناامیدی کے دن تھے۔ وزیراعظم عمران خان آج جھوٹ کا عالمی ریکارڈ قائم کریں گے۔

 

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا 100 دن پر وزیراعظم کی آج شام ہونے والی پریس کانفرنس کے حوالے سے ابتدائی تبصرہ میں کہنا تھا کہ قوم ہوشیار رہے آج شام قومی نشریاتی رابطے اور سرکاری خرچ پر وزیرعظم قوم سے براہ راست جھوٹ بولیں گے۔ وزیراعظم عمران خان آج جھوٹ کا عالمی ریکارڈ قائم کریں گے۔ یہ ایسا جھوٹ ہوگا جسے پاکستان سمیت دنیا کی کوئی حکومت نہیں توڑ سکے گی۔

 

مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا تھا جو وزیر سب سے بڑا جھوٹ بولے گا، عمران صاحب اسے سب سے بڑا میڈل لے گا۔ وزرا میں جھوٹ بولنے کا سخت مقابلہ جاری ہے۔ عوام حکومت کی سو دن کی کارکردگی جاننے کے لیے گوگل پر تلاش جاری رکھیں۔ حکومت نے سرکاری خرچ پر اپنے جھوٹ کی تشہیر شروع کردی ہے۔

مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ حکومت نے سو دن کی کارکردگی کے اشتہار میں پرانے 100 دن کا پلان ایک بار پھر شائع کر دیا ہے۔ حکومت کو 'ہم مصروف تھے' کی جگہ 'ہم نالائق ہیں' کا اشتہار دینا چاہئے۔ 100 دن کی کارکردگی دکھانے کے لیے جی سی ویمن یونیورسٹی کی طرح حکومت کو ہمارے دورکے افتتاح کردہ منصوبوں کا سہارا لینا پڑرہا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے جھوٹ اور ناکامی کے 'سچ' کو چھپانے کے لیے سو 'جھوٹ' گھڑے جارہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) 100 دن کی حکومتی نااہلی، جھوٹ، ناکامیوں اور 'یوٹرنز' پر جلد عوام کو حقائق نامہ جاری کرے گی۔ حکومت کے 100 دن عوام کے لیے سو اذیت ناک دن تھے۔

 

مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ حکومت کے سو دن پی ٹی آئی کے اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کے لیے ناامیدی کے دن تھے۔ حکومت کے سو دن ملک کے لیے بدنامی اور شرمندگی کے دن تھے۔ حکومتی ہدایت، عمران صاحب کے جھوٹ کو سچ نہ کہنے والے صحافی نوکری سے نکال دئیے جائیں۔

حارث افضل  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں