نیا پاکستان محنت کشوں اور مزدوروں کا پاکستان ہے: عثمان بزدار

لاہور(پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محنت کشوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیا، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ دن ہمیں شکاگو کے شہداء اور ان کی جبرواستبداد کے خلاف جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔

 

مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے پیغام دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ 1886ء کو شکاگو میں محنت کشوں نے اپنے حقوق کیلئے لازوال قربانیاں دیں، یہ دن ہمیں شکاگو کے شہداء اور ان کی جبرو استبداد کے خلاف جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ دین اسلام محنت کش کی عظمت اور فلاح و بہبود کا درس دیتا ہے۔ دین اسلام میں محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دین اسلام مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اسے اجرت کی ادائیگی کا حکم دیتا ہے۔ نئے پاکستان میں محنت کش کو اس کے حقوق ملیں گے۔ نیا پاکستان محنت کشوں اور مزدوروں کا پاکستان ہے، جہاں محنت کش سر اٹھا کر جئے گا۔ ہنرمند افرادی قوت صنعت و معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت محنت کشوں کی فلاح وبہبود کیلئے حقیقی معنوں میں اقدامات کر رہی ہے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی میں محنت کشوں کو وعدوں پر ٹرخایا گیا۔ سابق ادوار میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔ فلاحی اقدامات کر کے محنت کشوں کا معیار زندگی بہتر کرنا ہمارا مشن ہے، یہ دن منانے کا مقصد محنت کش طبقے کے وقار اور معقول اجرتوں کو یقینی بنانے کی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ یکم مئی مزدوروں کے حقوق کو یقینی بنانے کے بارے میں عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں مزدوروں کی فلاح اور ان کے جائز حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ان کا بھر پور ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

عطاء سبحانی  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں