کراچی سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری

پبلک نیوز: کراچی میں صبح 6 بجے سے بارش جاری ہے۔ سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں بارہ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ بدھ تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ بارش کے بعد مختلف علاقوں میں پانی بھی جمع ہونا شروع ہو گیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق کے ایم سی اور محکمہ بلدیات کی حسب معمول نا اہلی کے باعث شہر سے پانی کے اخراج کے لئے بنائے گئے نالے گندگی اور کوڑے سے اٹے ہوئے ہیں۔ جس کی وجہ سے شہر بھر میں پانی جمع ہو گیا ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 

کراچی میں بارش کی وجہ سے نجی سکولز آج بند رہیں گے۔ نجی سکولز کی جانب سے والدین کو سرکلر کے ذریعے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں طوفانی بارش کی پیشگوئی کے بعد سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

کے الیکٹرک کی کارکردگی کا پول بھی کھل گیا ہے۔ کراچی میں بارش کے بعد پی آئی بی کالونی، ایف بی ایریا، لانڈھی اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ ڈیفنس فیز ٹین، کورنگی، نیو کراچی اور لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی بجلی بند ہے۔ بارش کی وجہ سے شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ جبکہ لیاری ایکسپریس وے پر ٹریفک جام ہے۔

 

 دوسری جانب ملک کے جنوبی علاقے بھی مون سون کی لپیٹ میں ہیں۔ آج میرپور خاص، ٹھٹھہ، حیدرآباد، کراچی، شہید بینظیرآباد، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں اکثر مقامات پر بارش متوقع ہے۔ قلات، سبی، نصیر آباد، مکران، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، بہاولپوراور راولپنڈی میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔

عطاء سبحانی  4 ماه پہلے

متعلقہ خبریں