ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کا امکان

اسلام آباد (رمیشہ قریشی) رواں ہفتے بھی ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید مون سون بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ جس کی وجہ سے سیلاب کا خدشہ بھی ہے۔ این ڈی ایم نے اسی خطرے کے پیش نظر تمام ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز کو ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر ملک بھر میں آٹھ افراد جاں بحق ہوئے۔

 

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور اور ساہیوال ڈویژن میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

 

رواں ہفتے ملک کے بالائی اور ؤسطی علاقوں میں مزید مون سون بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر کے چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔ سندھ کے چند مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے۔

 

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آنے کا بھی امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر رکھتے ہوئے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ ایڈوائزری تمام ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز کو جاری کی گئی ہے۔

 

دوسری جانب ترجمان این ڈی ایم اے نے ہدایت دی ہے کہ برساتی ندی نالوں اور نہروں کو بر وقت صفائی کا انتظام کیا جائے۔ کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔ این ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں اور موسمی صورتحال کے حوالے سے اعدادوشمار بھی جاری کردئیے ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر ملک بھر میں آٹھ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے۔ بارشوں کے باعث مکمل یا جزوی طور پر ایک سو تہتر گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

عطاء سبحانی  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں