سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم جنداللہ کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار


کراچی(پبلک نیوز) کاؤنٹر ٹیراریزم ڈپارٹمنٹ سول لائنز کی کارروائی، ریڈ بک میں موجود کالعدم تنظیم جنداللہ کا انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد اسحاق عرف گل گرفتار، ملزم کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور دو دستی بم برآمد کر لیے گئے۔

 

سی ٹی ڈی نے ایک کارروائی میں کالعدم جند اللہ سے تعلق رکھنے والے خطرناک ملزم محمد اسحاق عرف گل کر گرفتار کر لیا، سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب کے مطابق گرفتار ملزم کا نام انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست "ریڈ بک" میں بھی موجود ہے، گرفتار ملزم ناظم آباد کا رہائشی اور کالعدم لشکر جھنگوی کے امیر عطاالرحمان عرف نعیم بخاری کا پڑوسی تھا، جو کہ سال 2006 میں جنداللہ میں شامل ہوا۔

 

ملزم نے دہشت گردی کی تربیت افغانستان سے حاصل کی تھی، ملزم اسحاق 2008 میں شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں فرار ہونے کے بعد سے افغانستان میں روپوش ہو گیا تھا اور اب کسی بڑی دہشت گردی کی کارروائی کے لیے افغانستان سے براستہ بلوچستان اور سندھ کے کراچی میں داخل ہوا تھا۔ ملزم اسحاق کراچی میں ہونے والی کئی بڑی بینک ڈکیتیوں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

 

ملزم نے سعود آباد میں لوٹ مار کی مزاحمت پر فائرنگ کر کے پولیس اہلکار سمیت دو افراد کو قتل کر دیا تھا۔ گرفتار ملزم کے کئی ساتھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مقابلوں میں مارے جا چکے ہیں، جبکہ بعض ساتھی جیلوں میں قید ہیں، ملزم کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

عطاء سبحانی  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں