سندھ، پنجاب کی لکیریں کھینچنا شرمناک ہی نہیں قابل مذمت بھی ہے: مراد سعید

پبلک نیوز: وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول کی جماعت نے غریبوں کے پلے چھوڑا کیا ہے جو اب ان کے حقوق چھین لینے کے نعرے لگا رہے ہیں۔ مالِ حرام بچانے کیلئے سندھ اور پنجاب کی لکیریں کھینچنا شرمناک ہی نہیں قابل مذمت بھی ہے۔

بلاول بھٹو کی تقریر پر تحریک انصاف کی جانب سے رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جونیئر زرداری فکر نہ کریں پنجاب میں بھی "بھل صفائی" جاری ہے۔ پنجاب کو چراگاہ بنانے والے بدہضمی کا شکار ہوکر اہل و عیال سمیت کسی "معالج" کی تلاش میں ہیں۔   

انھوں نے کہا کہ بلاول کے والد نے اس قوم کے مزدوروں اور غریبیوں کے حقوق چھین کر "جعلی اکاؤنٹس" کا جال بنا۔ کیا کرشمہ ہے کہ "بلاول" اور زرداری صاحب کی اولاد "ایان علی" سمیت ایک ہی چشمے سے "فیضیاب" ہوتے ہیں۔ سندھ کے غریب مزدوروں، کسانوں اور ہاریوں کے سر پر بلاول نے "پھوپھو" کی قیادت میں مراد علی شاہ اور آغا سراج درانی جیسے کردار مسلط کئے۔

ان کا کہنا تھا کہ "شرجیل میمنوں" اور "ڈاکٹر عاصموں" جیسے کئی آلہ کار بھی لوٹ مار کی اس بہتی گنگا سے سیراب ہوتے رہے۔ سندھ کے عوام غریب سے غریب تر ہوتے گئے اور بلاول امیر سے امیر تر۔ آج مزدور اور متوسط طبقہ تحریک انصاف کی شکل میں اقتدار میں ہے تو بلاول شدید گھبراہٹ میں مبتلا ہیں۔

احمد علی کیف  4 ماه پہلے

متعلقہ خبریں