نوازشریف اور زرداری نے ملک کو بے دردی سے لوٹا: نعیم الحق

لاہور(پبلک نیوز) وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق کا کہنا ہے کہ پچھلے حکمرانوں نے غریب عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، ادارے تباہ کر دیئے، ان کی ملک میں جائیدادیں ضبط ہونی چاہئیں، مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں۔ عوامی رابطے مستحکم کرنے کے لیے جلسوں کا آغاز کر رہے ہیں۔

 

لاہور میں تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چوہدری کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پچھلے حکمرانوں نے غریب عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ زرداری اور نواز شریف صاحب کے مقدمات زیر سماعت ہیں، اس پر زیادہ بات نہیں کروں گا، تاہم کرپٹ حکمرانوں کو عبرتناک سزا دینے تک اس نظام سے چھٹکارہ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

 

نعیم الحق نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے حقائق سب کے سامنے آ گئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کو سزا ضرور ملے گی۔ عوامی رابطے مستحکم کرنے کے لیے جلسوں کا آغاز کر رہے ہیں، پہلا جلسہ میانوالی میں ہو گا، وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے انتخابات کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ مڈ ٹرم الیکشن کرانے کا فی الحال کوئی پروگرام نہیں، عوام سے رابطے کو بہتر بنانے کے لیے جلسے کرنے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے، عوامی رابطہ مہم کیلئے سب سے پہلا جلسہ 27 جنوری کو میانوالی میں ہوگا۔

 

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت ارب پتی ہے، آصف علی زرداری اور نواز شریف نے بے دردی سے ملک کو لوٹا ہے، ان کی ملک میں موجود جائیدادیں ضبط ہونی چاہئیں۔ نواز شریف کے ذہن میں ہے کہ ہر حال میں وہ یا ان کی اولاد کو اقدار میں رہنا چاہیے، ان کے ذہنوں میں اقتدار سے چمٹے رہنا ہی سیاست ہے۔

 

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ہم اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ تعاون کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، شہباز شریف کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنانا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، اپوزیشن کے ساتھ مل کر قومی اسمبلی کی 38 قائمہ کمیٹیاں قائم کر دیں، 20 کمیٹیوں کی سربراہی پی ٹی آئی اور 18 کی سربراہی اپوزیشن کے پاس ہو گی۔

 

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے دعویٰ کیا کہ قرضوں کی ادائیگی کے مسئلے پر قابو پالیا گیا ہے، دوست ملکوں سے ملنے والے ڈالرز سے غیر ملکی واجبات ادائیگی میں مدد ملے گی، جبکہ آئی ایم ایف سے سمجھوتہ پاکستان کی شرائط پر ہو گا۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام کیلئے دن رات کام کیا جارہا ہے، مستحق افراد کیلئے 5 سے 10 ہزار روپے ماہانہ اقساط پر گھر بنائے جائیں گے، اس سلسلے میں اسکیم کے تحت 7 شہروں سے 5لاکھ درخواستیں آچکی ہیں، ملک میں 10 ہزار ڈویلپر مکانات کی تعمیر میں حصہ لیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت پنجاب کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے، نیا بلدیاتی نظام آگے بڑھنے کیلئے انقلابی قدم ثابت ہو گا۔ بدقسمتی سے ہر ادارہ زوال کا شکار ہو چکا ہے، اسے درست کرنا ہو گا، یوٹیلیٹی اسٹورز، پوسٹ آفس،پی آئی اے،اسٹیل ملز میں بیدردی کیساتھ لوٹ مار کی گئی، ماضی کے حکمرانوں نے اپنی دولت میں اضافہ کیا،غریب عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔

عطاء سبحانی  5 ماه پہلے

متعلقہ خبریں