دنیائے موسیقی کی خوبصورت آواز، نازیہ حسن کی 54ویں سالگرہ

لاہور (پبلک نیوز) پاکستان میں پاپ موسیقی کو نیا انداز دینے والی گلوکارہ نازیہ حسن کی آج 54 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔

 

3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہونے والی نازیہ حسن ان کے بھائی زوہیب حسن کو پاکستان میں پاپ موسیقی کا بانی کہا جاتاہے۔ نازیہ نے مشرقی اور مغربی موسیقی کے امتزاج سے ایسے گیت پیش کیے جو برسوں گزر جانے کے بعد بھی بے حد مقبول ہیں۔

 

80 کی دہائی میں بھارتی فلم 'قربانی' کے لیے گائے گیت 'آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے' نے نازیہ حسن پر شہرت کے دروازے کھول دیئے جبکہ انہیں اس گیت کے لیے بھارت کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈ فلم فیئر سے نوازا گیا اور وہ یہ ایوارڈ پانے والی پہلی پاکستانی بنیں۔

 

نازیہ حسن نے 'ڈِسکو دیوانے' کے نام سے اپنے گیتوں کا ایک یادگار البم ریلیز کیا۔ اس کے بعد 'بُوم بُوم'، 'ینگ ترنگ'، 'ہاٹ لائن' اور 'کیمرا کیمرا' کے نام سے البم ریلیز کیے۔

 

پاپ گلوکارہ کو ان کی فنی خدمات پرصدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا جب کہ انہیں بیسٹ فی میل پلے بیک سنگر ایوارڈ اور 15 گولڈ ڈسکس سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

 

اپنی آواز سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی نازیہ حسن پھیپڑوں کے سرطان کے موذی مرض میں مبتلا ہوکر 35 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملیں۔ تاہم ان کی فنی خدمات  ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

حارث افضل  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں