نوازشریف کے استقبالیہ شو کو کامیاب بنانے کیلئے نیا پلان تیار کر لیا گیا

لاہور(پبلک نیوز) نوازشریف اور مریم نواز کی لندن سے روانگی میں کچھ ہی گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔ نواز شریف نے استقبالیہ شو کامیاب بنانے کی ذمہ داری شہباز شریف کے کاندھوں پر ڈال دی ہے۔ حکام نے دونوں مجرمان کی گرفتاری کے لئے کمر کستے ہوئے گرفتاری کا پلان تشکیل دے دیا ہے۔

وقت کم اور مقابلہ سخت، نواز شریف اور مریم نواز کی لندن سے روانگی میں بس تھوڑا ہی وقت باقی ہے۔ اس حوالے سے نواز شریف نے شہباز شریف کو مشکل امتحان میں ڈالتے ہوئے نیا پلان دے دیا ہے۔ نئے پلان کے مطابق بڑے میاں صاحب نے ورکرز کو پکڑ دھکڑ سے محفوظ رکھنے اور استقبالیہ شو کامیاب بنانے کی ذمہ داری چھوٹے میاں صاحب کو سونپ دی گئی ہے۔ دونوں بھائی رات بھر واٹس ایپ پر رابطے میں رہے۔ نئے پلان میں استقبالیہ ریلی اور مظاہرے کی قیادت شہباز شریف کو کرنے کا کہا گیا ہے۔ جبکہ حمزہ شہباز یوتھ کی قیادت کریں گے اور لوگوں کوائیرپورٹ پہنچانے کا بندو بست کیا جائے گا۔

قائد ن لیگ نے واشگاف الفاظ میں ہدایات جاری کر دی ہیں کہ لاہور میں بارش ہو یا طوفان، استقبال بڑا ہونا چاہیئے۔ اس کے علاوہ جہاز میں گرفتاری کی صورت میں ائیر پورٹ کے باہراحتجاج جاری رکھنے کا بھی فرمان جاری کیا ہے۔

دوسری جانب حکام نے بھی ایون فیلڈ کیس کے دونوں مجرمان کی گرفتاری کا پلان تشکیل دے دیا ہے۔ دونوں مجرمان لاہور آتے ہی جہاز کے اند ر سے دھر لئے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیب کو جہاز تک رسائی دے دی ہے۔ ائیر پورٹ پر نیب کے 22 افسران موجود ہوں گے جبکہ 100 ایلیٹ پولیس کمانڈوز بھی تعینات کئے جائیں گے۔ دفع 144 کا نفاذ کیا جائے گا اور سی سی پی او لاہور بھی ائیرپورٹ پر موجود ہوں گے۔

عطاء سبحانی  4 ماه پہلے

متعلقہ خبریں