اوگرا نے پٹرولیم قیمتوں میں 11.91 روپے فی لٹر اضافہ کی سمری وزارت خزانہ کو بھجوا دی

اسلام آباد (راجہ عثمان طاہر) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے لیے آستینیں چڑھا لیں۔ اوگرا نے پٹرولیم کی قیمتوں میں 11.91 روپے فی لٹر اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کر دی۔

تفصیلات کے مطابق تبدیلی سرکار ایک بار پھر مہنگائی کا بم گرانے کو تیار ہے۔ اوگرا نے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی تجویز دے دی۔

اوگرا کی جانب سے وزارت خزانہ کو ارسال کی گئی سمری میں پیٹرول 11روپے 91 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 11 روپے 17 پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مٹی کا تیل 6 روپے 65 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ تجویز دی گئی ہے۔

اضافے کی صورت میں پیٹرول کی نئی قیمت 100 کے ہندسہ کو عبور کر جائے گی۔ پٹرول کی نئی قیمت 104 روپے 80 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل ڈیزل کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین 122 روپے 60 پیسے فی لیٹر تک پہنچ جائے گی۔

اسی طرح مٹی کا تیل بھی 92 روپے 96 پیسے اور لائٹ ڈیزل 84 روپے 3 پیسے میں دستیاب ہو گا۔ قیمتوں میں اضافہ کی حتمی منظوری وزیر اعظم دیں گے اور اطلاق یکم اپریل سے ہو گا۔

احمد علی کیف  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں