عمران خان کا یوم حساب قریب، نیب کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے: حمزہ شہباز

لاہور (پبلک نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماء اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مجھے گرفتاری کی پرواہ نہیں ہے، عام آدمی کا درد ہے۔ خدارا اس قوم پر رحم کرو۔ عمران خان، تمھارا یوم حساب آ رہا ہے، نیب کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔ ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔ شہباز شریف بھی واپس آئیں گے۔


لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں نے دو رکنی بنچ نےحمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواستوں پرسماعت کی، حمزہ شہبازکے وکیل نے کہا انکوائری شروع کرنے سے متعلق چیئرمین نیب کی اجازت اور متعلقہ دستاویزات فراہم نہیں کی جا رہیں،ان دستاویزات کی عدم موجودگی میں نیب کی کاروائی غیر قانونی ہے۔

 

نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دستاویزات اینٹی منی لانڈرنگ قانون کے تحت دفترکے خفیہ ریکارڈ کا حصہ ہے، جسے منظر عام پر نہیں لایا جا سکتا،انہوں نے بتایا ملزم حمزہ شہباز سے تفتیش کے لئے گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے گئے، عدالت نے حمزہ شہباز کی ضمانت میں 28 مئی تک توسیع کرتے ہوئے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔

 

صوبائی دارلحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نیب الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ مجھے گرفتاری کی پرواہ نہیں ہے، عام آدمی کا درد ہے۔ خدارا اس قوم پر رحم کرو۔ عمران خان، تمھارا یوم حساب آ رہا ہے، نیب کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔ ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔ شہباز شریف بھی واپس آئیں گے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ نیب کو کہتا ہوں کہ وہ سیاسی جماعت بنائے اور نیازی صاحب کے ساتھ الحاق کر لے۔ رمضان بازار میں بزدار صاحب پھرتے ہیں تو لوگ ان کو پکڑ لیتے ہیں۔ 15 ہزار کی تنخواہ میں غریب آدمی کا گزارہ نہیں ہو سکتا۔ غریب آدمی پریشان ہے۔ 9 مہینے میں عوام کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے۔ یہ اسی طرح یو ٹرن لیتے رہے تو ملک کا بیڑا غرق ہو جائے گا۔

 

حمزہ شہباز  کا کہنا تھا کہ امید کی کوئی کرن نظر نہیں آتی، حالات بہتر ہوتے  نظر نہیں آ رہے۔ مجھے آج غریب آدمی پر رونا آتا ہے۔ آج غریب آدمی اپنی بیٹی کے لیے دوائی بھی نہیں خرید سکتا۔ یہ قوم مہنگائی کی بھٹی میں جل رہی ہے، نیازی صاحب کو اس کا حساب دینا ہو گا۔ عمران خان نیازی تمہارا بھی یوم حساب آنے والا ہے۔

حارث افضل  4 ماه پہلے

متعلقہ خبریں