نیب قیامت تک میرے خلاف کرپشن ثابت نہیں کر سکتا، حمزہ شہباز

 

لاہور(پبلک نیوز) اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا دعویٰ ہے کہ نیب قیامت تک ان کے خلاف کرپشن ثابت نہیں کر سکتا، اور اگر ایسا ہو گیا تو وہ عدالت اور قوم سے معافی مانگیں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ نیب نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔ ڈیوٹی جج وسیم اختر کے استفسار پر شہباز شریف کے وکلا نے استدعا کی کہ وہ سینٹ اجلاس کے باعث اسلام اباد میں مصروف ہیں اس لیے انکی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔

 

عدالت نے حمزہ شہباز کو روسٹرم پر بلا کر استفسار کیا کہ کیا آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نیب سے کہوں گا کرپشن ثابت کریں، نیب قیامت تک کرپشن ثابت نہیں کر سکتا، جس دن کرپشن ثابت ہو گئی عدالت اور پوری قوم سے معافی مانگوں گا۔

 

سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ حکومت کا جھوٹ ان کے گلے کا پھندا بننے والا ہے۔ ساری اپوزیشن گرفتار کر لیں فرق نہیں پڑتا۔

 

واضح رہے کہ عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع کردی۔

احمد علی کیف  4 ماه پہلے

متعلقہ خبریں