وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر سیاسی مخالفین کے تابڑ توڑ حملے

اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر اپوزیشن کا ردعمل، مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو جھوٹ بولنے میں مہارت حاصل ہے، انہیں اپنے اور اہل خانہ کے اثاثے بھی ڈیکلیئر کرنے چاہیئں، پیپلز پارٹی کے رہنماء اویس شاہ بولے اقتصادی سروے موجودہ حکومت کی نا اہلی کا کھلا ثبوت ہے۔

 

وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر سیاسی مخالفین کے تابڑ توڑ حملے، ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے پیغام پر ردعمل میں کہا کہ عمران صاحب پارلیمنٹ آنے سے اس لئے ڈرتے ہیں، کیونکہ آپ نے ووٹ چوری کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی ایمنسٹی پر آپ کو اپنی تقریر تو یاد ہو گی؟ مریم اورنگزیب بولیں! عمران صاحب آپ نے صرف ایک سال پہلے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کی ایمنسٹی اسکیم سے جو فائدہ اُٹھائے گا، آپ اسے جیلوں میں ڈالیں گے، آجکل علیمہ باجی کس جیل میں ہیں؟

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب قوم کویہ بھی بتانا تھا کہ مسلم لیگ ن نے قرضہ لیا، ملک کو گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی دی، موٹر ویز اور سڑکوں کا جال دیا، دہشت گردی ختم کی اور صحت وتعلیم کے منصوبے دئیے۔ وزیراعظم پیغام ریکارڈ کروانے کے بجائے پارلیمنٹ میں آ کر لائیو جھوٹ بولا کریں۔ پیپلز پارٹی کے رہنماء اور وزیر سندھ ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے بھی وزیراعظم کے پیغام کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا خان صاحب آپ کے خطاب سے ملک کے بچے بھی خوش نہیں ہوئے تو بڑے کیسے خوش ہوں گے۔ اویس شاہ نے کہا کہ لوگوں کو ڈرا کر ان کی دولت پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عمران خان عوام کو کہانیاں نہ سنائیں اور عوام کی مہنگائی سے جان چھڑائیں۔

عطاء سبحانی  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں