پاک سری لنکا سیریز: رینجرز اور دیگر اداروں کی سکیورٹی ریہرسل، ٹریفک پلان تیار

 

کراچی (پبلک نیوز) پاک سری لنکا ون ڈے سیریز سے 24 گھنٹے قبل رینجرز کی نیشنل اسٹیڈیم میں مکمل ریہرسل کی گئی ہے۔ سیریز کے دوران 3 ہزار سے زیادہ سکیورٹی اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ میچز کے لیے ٹریفک پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے 2 ہزار اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق 10 سال بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا انعقاد کیا جائے گا۔ 3 ہزار سے زیادہ رینجرز اور پولیس اہلکار سکیورٹی کی ذمہ داری ادا کریں گے۔ رینجرز نے سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے فل ڈریس ریہرسل کی۔

 

ہوٹل سے اسٹیڈیم تک ٹیموں کے روٹ کو سرویلنس کیمروں سے مانیٹر کیا جائے گا۔ اسٹیڈیم کے اندر بھی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں مانیٹرنگ کی جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ شائقین کرکٹ کو غریب نواز گراونڈ، ایکسپو سینٹر، اردو یونیورسٹی اور رانا لیاقت علی کالج کے پارکنگ ایریا سے شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم لایا جائے گا۔

 

دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پچھلے میچز والے ٹریفک پلان کو ہی فالو کیا گیا ہے۔ وہی چار مقامات پر پارکنگ ہو گی۔ سکیورٹی ایس او پی کے تحت میچ شروع ہونے سے تین گھنٹے پہلے نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند کر دی جائیں گی۔

 

ڈی آئی جی ٹریفک کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے میچز کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے سے بہتر انتظامات کرنے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ تمام اہلکاروں کو بریفنگ دی جائے گی تاکہ عوام کو مشکلات نہ ہو۔ شہری اپڈیٹ رہنے کے لیے ٹریفک پولیس کے ریڈیو سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

احمد علی کیف  3 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں