ملک بھر میں یوم فضائیہ ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

 

پبلک نیوز: پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور نے  پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

 

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا گیا۔ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسرز، افسروں اور ائیر مین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

دن کا آغاز1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہداء اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

 

ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے خلاف آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھلایا کہ ہم اپنی فضاؤں کی حفاظت کے لیے  ہر دم تیار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے ائیر چیف نے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ائیر چیف نے واضح کیا کہ  ہمارے اسلاف کی قربانیاں اورشہداء کا خون اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کر کے وطن سے محبت اور اپنائیت کا رشتہ استوار کریں۔

 

دن کی مناسبت سے پا ک فضائیہ کے ایک دستے نے ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ کی سر کردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ ملک بھر میں پاک فضائیہ کے دیگر شہداء کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

احمد علی کیف  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں