نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمیشن یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد

نئی دہلی (پبلک نیوز) بھارتی دارالحکومت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد، تقریب میں بھارت میں موجود کئی ملکوں کے سفیروں اور سفارتی نمائندوں کی شرکت۔

بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہت ہی مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ گزشتہ کئی برسوں میں ہم نے جمہوریت کو فروغ دینے کے لئے کئی قربانیاں دیں۔

انھوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی پوری دنیامعترف ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کابھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کورہا کرنے کا فیصلہ بے حد مثبت اقدام تھا۔ دونوں ملکوں کے ہائی کمشنروں کی اپنے اپنے ملکوں میں واپسی خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری کے حوالے سے کئے جانے والے فیصلے قابل تحسین ہیں۔ حالیہ دنوں میں رابطوں کے فقدان سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو سنگین خطرات لاحق ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کو اپنے عوام کی بہتری کی خاطر کھلے دل کے ساتھ اختلافات کو ختم کرنے کے لئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

سہیل محمود نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کوباہمی اعتماد کو بحال کرنے کے لئے مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا۔ دونوں ملکوں کو افہام وتفہیم کے ساتھ جموں اور کشمیر سمیت تمام متنازعہ امور کو حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ برابری، باہمی عزت و وقار اور ایک دوسرے کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے دونوں ملکوں کو پر امن مستقبل کے لئے اچھے تعلقات قائم کرنا ہوں گے۔

تقریب میں بھارت میں موجود کئی ملکوں کے سفیروں اور سفارتی نمائندوں نے شرکت کی جبکہ تقریب میں کاروباری اور صحافتی شعبوں سے نمایاں شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

احمد علی کیف  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں