امام کعبہ نے پاکستان کو تمام 'مسلمانوں کا محور' قرار دے دیا

اسلام آباد (جمشید خان) امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد کا چھ روزہ دورہ پاکستان، فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز جمعہ کی امامت کی، نماز جمعہ میں جڑواں شہر کے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ امام کعبہ دوروزہ دورے پر لاہور بھی جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق امام کعبہ عبداللہ عواد گذشتہ روز پاکستان کے چھ روزہ دورے پر پہنچے تو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر ڈاکٹر نور الحق قادری نے ان کا استقبال کیا۔ امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد نے فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز جمعہ پڑھائی جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے کثیر تعداد میں نمازیوں کی آمد کے باعث فیصل ایونیو پر ٹریفک جام ہو گئی، نمازیوں کی بڑی تعداد فیصل چوک سے تین کلو میٹر سے زیادہ کا فاصلہ پیدل طے کر کے فیصل مسجد پہنچی۔ امام کعبہ نے خطبہ جمعہ میں مسلمانوں کو تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسلمانوں کا محور ہے۔ امام کعبہ نے پاکستان کی ترقی خوشحالی اور مضبوطی کی دعائیں کرائیں۔

امام کعبہ کل ہفتہ کے روز علماء و مشائخ سے ملاقاتیں کریں گے۔ اتوار کے روز کنویشن سنٹر میں پیغام پاکستان کانفرنس میں بطورمہمان خصوصی شرکت کرینگے۔ امام کعبہ کے اعزاز میں پاکستان علماء کونسل عشائیہ بھی دیں گے۔

امام کعبہ لاہور بھی جائیں گے جہاں دو روز قیام کے دوران بادشاہی مسجد میں ان کی امامت میں نماز بھی ادا کی جائے گی۔

احمد علی کیف  6 روز پہلے

متعلقہ خبریں