سٹاک مارکیٹ، 100 انڈیکس میں 19 پوائنٹس کی کمی، ڈالر 9 پیسے مہنگا

 

کراچی (پبلک نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں معمولی کمی ہوئی ہے۔ کاروبار کا اختتام 19 پوائنٹس کی کمی سے 31 ہزار 908 پر ہوا ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر 9 پیسے مہنگا اور فی تولہ سونا 50 روپے اضافے سے 87 ہزار 250 روپے کا ہو گیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ 100 انڈیکس 19 پوائنٹس کی کمی سے 31 ہزار 908 پر بند ہوا۔ دن بھر 5 ارب 19 کروڑ روپے مالیت کے 12 کروڑ 20 لاکھ شیئرز کا کاروبار کیا گیا۔

 

انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 9 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈالر 156 روپے 23 پیسے سے 156 روپے 32 پیسے پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 15 پیسے سستا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 156 روپے 50 پیسے سے کم ہو کر 156 روپے 35 پیسے میں فروخت کیا گیا۔

 

صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قدر میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ فی تولہ سونا 50 روپے اضافے سے 87 ہزار 250 روپے کا ہو گیا۔ 10 گرام سونا 43 روپے اضافے سے 74 ہزار 830 روپے میں فروخت کیا گیا۔ عالمی بازار میں فی اونس سونا 3 ڈالر کمی سے 1501 ڈالر کا ہو گیا۔

احمد علی کیف  4 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں