سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ، گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی آئینی حقوق مل گئے

اسلام آباد(امجد بھٹی کی رپورٹ) سپریم کورٹ کا حکم، کشمیر میں استصواب رائے تک گلگت بلتستان کو آئین پاکستان کے تحت بنیادی حقوق دئیے جائیں، آئین پاکستان کی چھتری تلے ہی گلگت بلتستان کی عدالتیں انتظامی یونٹ کی حد تک کام کریں گی۔

 

سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا، چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں عدالت نے گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی آئینی حقوق فراہم کرنے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی موجودہ حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ کشمیر پر رائے شماری تک گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔

 

عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت اپنے زیر انتظام علاقوں کو زیادہ سے زیادہ حقوق دینے کے پابند ہیں۔ عدالت نے نظیر کے طور پر انیس سو ننانوے کے الجہاد کیس کا حوالہ دے چکی ہے جس میں سپریم کورٹ آف پاکستان گلگت بلتستان کو بنیادی حقوق فراہمی کا حکم دے چکی ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے اختیارات گلگت بلتستان میں بھی نافذ العمل ہیں، سپریم کورٹ کے اختیارات کو محدود نہیں کیا جاسکتا۔

 

گلگت بلتستان کا کوئی بھی قانون سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج ہو سکتا ہے، جی بی کی عدالتیں اور سپریم اپیلٹ کورٹ کی حدود صرف جی بی تک، عدالتیں جی بی آرڈیننس کے ساتھ آئین پاکستان کی بھی تابع ہیں۔ جی بی سپریم اپیلٹ کورٹ صدارتی آر ڈیننس کالعدم بھی قرار نہیں دے سکتیں۔ گلگت بلتستان کی عدالتیں جی بی کونسل کی قانون سازی پر نظر ثانی کر سکتی ہیں، جی بی کی عدالتوں کو پاکستان میں آئینی اختیارات حاصل نہیں۔

 

سپریم کورٹ آف پاکستان نے صدارتی آرڈیننس میں ترامیم بھی تجویز کی ہیں۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ صدارتی آرڈیننس میں صرف آئین کے آرٹیکل ایک سو چوبیس میں درج طریقہ کار کے مطابق ہی ترمیم ہو سکتی ہے۔ اگر پارلیمنٹ اس صدارتی حکم میں تبدیلی یا ترمیم کرے تو سپریم کورٹ آئین کے تحت اسکا جائزہ لے سکتی ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ وفاق کی سفارش پر صدر پاکستان مجوزہ عدالتی حکم کو نافذ کریں۔


چیف جسٹس ثاقب نثار نے گلگت بلتستان کے شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیا، اٹارنی جنرل انور منصور نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو پاکستان کے عوام کے برابر حقوق دیئے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان بار کے نمائندوں نے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا۔

عطاء سبحانی  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں