وزیراعظم عمران خان نے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے بجٹ، ذرائع آمدن کی تفصیلات طلب کر لیں

لاہور (ادریس شیخ) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مالی معاملات کا نوٹس لے لیا۔ عمران خان کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی سے بجٹ، ذرائع آمدن اور بجٹ کے استعمال سے متعلق تفصیلات طلب کر لی گئیں۔

 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو پنجاب فوڈ اتھارٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی جس پر عمران خان نے سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مالی معاملات سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر سیکرٹری خزانہ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

 

پنجاب فوڈ اتھارٹی سے جرمانوں، لائسنس اور رجسٹریشن فیس کی مد میں حاصل شدہ رقوم کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ محکمہ خزانہ پنجاب نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو حکم دیا ہے کہ موجودہ بینک بیلنس، مصدقہ بینک سٹیٹمنٹس، جرمانوں اور جرمانوں کے خرچ سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔

سیکرٹری خزانہ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو آئندہ مالی سال کا بجٹ تیار کرنے سے روکتے ہوئے نئی بجٹ تجاویز بھی طلب کی ہیں۔  پنجاب فوڈ اتھارٹی کا گزشتہ مالی سال کا بجٹ تین ارب روپے کے قریب تھا جسے موجودہ مالی سال میں بڑھا کر سات ارب روپے سے زائد کردیا گیا۔ محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی کہ سات ارب روپے سے زائد بجٹ کے باوجود پنجاب فوڈ اتھارٹی صرف چوہتر کروڑ روپے کے قریب بجٹ استعمال کر سکی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام تفصیلات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں۔

حارث افضل  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں