زرتاج گل کی بہن کی تقرری کیلئے نیکٹا کو لکھا گیا خط واپس لے لیا گیا

اسلام آباد (ٹکا خان ثانی) وزیراعظم عمران خان نے وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل کو اپنی بہن کی تقرری کے لیے نیکٹا کو لکھا گیا خط واپس لینے کا حکم دے دیا جس پر زرتاج گل نے خط واپس لے لیا۔

 

تفصیلات کے مطابق زرتاج گل کی بہن کی نیکٹا میں بطور ڈائریکٹر تعیناتی کے معاملے پر وزیراعظم کے نوٹس کے بعد زرتاج گل نے تقرری کے لیے لکھا گیا خط واپس لے لیا۔ اس حوالے سے وزارت موسمیاتی تبدیلی نے سیکرٹری داخلہ کو خط ارسال کردیا۔

 

خط میں 27 فروری کو زرتاج گل کی جانب سے لکھے گئے خط کی واپسی سے آگاہ کر دیا گیا۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ وزیر کی جانب سے خط کا مقصد صرف سی وی کی نشاندہی کرنا تھا اور خط کے ذریعے اقرباء پروری یا نیکٹا دباؤ ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی۔

 

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے زرتاج گل کے سفارشی خط کا نوٹس لے لیا۔ زرتاج گل کا نیکٹا کو لکھا گیا خط پارٹی منشور کے خلاف قرار دے دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے زرتاج گل کو خط فوری واپس لینے کی ہدایت کر دی۔

 

ذرائع  کے مطابق وزیر مملکت زرتاج گل کو وزیراعظم عمران خان کا پیغام پہنچا دیا گیا جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ زرتاج گل نیکٹا کو لکھا خط واپس لیں۔

دوسری جانب اب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے زرتاج گل کو ہدایت کی ہے کہ نیکٹا کو لکھا گیا خط واپس لیں۔

 

واضح رہے کہ اس فیصلے کے خلاف سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا جبکہ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے زرتاج گل وزیر کی بہن کو ڈائریکٹر نیکٹا بنائے جانے کی حمایت کی تھی۔

حارث افضل  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں