امریکی صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، وزیراعظم عمران خان

 

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹرمپ جلد پاکستان آئیں گے۔ پاکستان کو دورے کے بعد پیدا ہونے والے سازگار حالات کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ماضی میں بیرون ملک سرمایہ کاروں سے رشوت مانگی جاتی تھی، اب ایسا نہیں ہو گا۔ پاکستان دو ماہ بعد امریکی سرمایہ کاروں کی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔

 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا کے بعد آج وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ کابینہ کو دورہ امریکا پر بریفنگ بھی دی گئی۔ بتایا گیا کہ امریکی صدر کے ساتھ 3 گھنٹے گزارے۔ اس دورے کے بعد پیدا ہونے والے سازگار حالات سے پاکستان کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ امریکی صدر  جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان دو ماہ بعد امریکی سرمایہ کاروں کی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان میں تمام سرمایہ کاروں کو آئیڈیل ماحول فراہم کیا جائے گا۔ غیرملکی سرمایہ کار سرمایہ پاکستان لانا چاہتے ہیں لیکن سسٹم رکاوٹ ہے۔ ماضی میں بیرون ملک پاکستانیوں سے سرمایہ کاری کے لیے رشوتیں مانگی گئیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ اور پی آئی اے بہتر ہو سکتی ہے تو دیگر ادارے کیوں ٹھیک نہیں ہو سکتے؟ وزیراعظم نے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کو ایف بی آر کا سسٹم ٹھیک کرنے کی ہدایت بھی کی۔ پیسہ اکھٹا کرنا ہے تو لوگوں کو اعتماد دینا ہو گا۔

 

واضح رہے کہ کابینہ اجلاس میں سابق حکمرانوں اور ان کے خاندان کے بیرون ملک دوروں پر آنے والے اخراجات کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ کابینہ اراکین کی جانب سے ڈیسک بجا کر وزیراعظم کو کامیاب دورہ امریکا پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

 

احمد علی کیف  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں