وزیراعظم عمران خان کو افغان صدر کا ٹیلی فون، اہم امور پر گفتگو

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان سے افغان صدر اشرف غنی کا ٹیلی فونک رابطہ، خطے کی سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان امن عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔ ‏وزیر اعظم عمران خان نے افغان صدر کو افغان امن عمل میں بھرپور مدد کا یقین دلایا، افغان صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دے دی۔

 

تفصیلات کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کو فون کر کے ان کے ساتھ اہم معاملات پر گفتگو کی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان اور خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

وزیراعظم نے افغان صدر کو یقین دلایا کہ پاکستان افغان امن عمل کی مکمل مدد کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسئلے کا ایسا ‏حل نکلنا چاہیے جو افغانیوں کی مرضی کے مطابق ہو۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان ‏دو طرفہ بہترین تعلقات چاہتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان برادرانہ ممالک ہیں، افغان ‏تنازعے نے کئی دہائیوں سے افغانستان کو نقصان پہنچایا جس کا اثر پاکستان پر بھی ‏پڑا، دونوں ملکوں کے لوگوں کی بہتری دونوں قیادتوں کا مقصد ہونا چاہیئے۔

 

وزیراعظم پاکستان اور افغان صدر کی گفتگو میں خطے کی سلامتی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں معاشی استحکام،  غربت کے خاتمے اور لوگوں کی ‏زندگیاں بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دے دی۔

حارث افضل  2 ماه پہلے

متعلقہ خبریں