وزیراعظم کا گورنر ہاؤس نتھیا گلی عوام کیلئے کھولنے کا اعلان

 

اسلام آباد (پبلک نیوز) خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے گلیات میں قائم گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس سمیت پانچ اہم سرکاری رہائشگاہیں عوام کے لیے کھول دی گئیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ جن عمارات پر عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے سالانہ کروڑوں خرچ ہوتے تھے، وہی عمارتیں اب آمدن کا ذریعہ بنیں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے وزیر اعظم کی ہدایت پر گلیات میں قائم گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس، اسپیکر ہاؤس، آئی جی ہاؤس اور کرناک ہاؤس عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

 

وزیراعظم عمران خان کا اپنے ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ نو آبادیات کی یہ نشانیاں جن کی دیکھ بھال کے لیے ٹیکس کے پیسوں سے سالانہ کروڑوں کے اخراجات ہوتے تھے، اب حکومت کے لیے آمدن کا ذریعہ بنیں گے۔

 

ایبٹ آباد کے پُر فضا مقام نتھیا گلی کی ان پانچ اہم سرکاری رہائش گاہوں سمیت صوبہ بھر کے 169 سرکاری ریسٹ ہاوسز کو محکمہ سیاحت کے حوالے کر دیا گیا۔ ان ریسٹ ہاؤسز میں سے 49 عمارتیں عوام کے لیے کھولی گئی ہیں۔ باقی سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو تزئین و آرائش اور مرمت کے بعد مرحلہ وار کھول دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گلیات میں واقع اہم سرکاری عمارات تاریخی لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس 1932، اسپیکر ہاؤس 1939، آئی جی ہاؤس 1929 اور کرناک ہاؤس 1932 میں تعمیر ہوا تھا۔ گلیات میں موجود ان اہم سرکاری عمارات میں اب عام شہری بھی آن لائن بکنگ کرا کے قیام کر سکیں گے۔

 

 

احمد علی کیف  4 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں