وزیر اعظم، بلاول بھٹو، آصف زرداری و دیگر کا قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی وفات پر اظہار افسوس

اسلام آباد (پبلک نیوز) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے جوان سال بیٹے کی حادثہ کے دوران ہلاکت پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، سابق صدر و شریک چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری و دیگر کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 

وزیر اعظم عمران خان نے پیپلزپارٹی کے رہنما قمر الزماں کائرہ کے جواں سالہ بیٹے کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جواں سالہ بیٹے کے صدمہ سے دوچار والدین کے لیے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ غم زدہ والدین اور خاندان کے لیے صبر کی دعا کرتا ہوں۔

 

 

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قمرزمان کائرہ کے صاحبزادے کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جواں سال بیٹے کے انتقال کی اندوہناک خبر سن کر شدید صدمہ ہوا۔ خدا سے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہوں۔

 

 

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کا قمرزمان کائرہ کے صاحبزادے کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جواں سال بیٹے کے انتقال کا دکھ ناقابل برداشت ہے۔ خدا مرحوم کے درجات بلند کرے۔ بھٹو خاندان اور پاکستان پیپلزپارٹی اس دکھ کی گھڑی میں کائرہ خاندان کے ساتھ ہے۔

 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی حادثے میں وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جواں سال بیٹے کی خبر سن کر دلی رنج اور افسوس ہوا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی قمر زمان کائرہ اور ان کے تمام اہلخانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے۔ غم کی اس گھڑی میں کائرہ فیملی کے ساتھ ہیں۔

 

 

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ اسامہ کائرہ کی نا گہانی وفات پر بہت دکھ ہوا۔ اللہ تعالیٰ اس کے درجات بلند کرے۔ قمر زمان کائرہ اور خاندان کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ اللہ تعالیٰ قمر زمان کائرہ، ان کی اہلیہ اور خاندان کے دیگر افراد کو اس دکھ میں صبر عطا کرے۔

 

 

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے بھی کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی موت پر صدمہ کا اطہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک حادثاتی اور دل کو تکلیف پہنچانے والی خبر تھی۔ دکھ کی اس گھڑی میں قمر زمان کائرہ کے ساتھ ہوں۔

 

 

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عبدالعلیم خان نے بھی قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔ انھوں نے کہا کہ قمر زمان کائرہ صاحب کے بیٹے کے انتقال کی خبر پر شدید افسوس ہوا۔ نوجوان اولاد کے بچھر جانے کے دکھ سے بڑا اس دنیا میں اور کوئی دکھ نہیں۔ اللٰہ انہیں ان لمحات میں حوصلہ عطا کرے۔ ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔

 

 

قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر وزراء اور دیگر سیاسی و غیر سیاسی شخصیات کی جانب بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔ تعزیتی پیغام بھی بھیجے گئے اور ان کو اس دکھ کے وقت میں صبر کی ترغیب دی جبکہ ساتھ ہی ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

 

۔۔

احمد علی کیف  6 روز پہلے

متعلقہ خبریں