وزیراعظم عمران خان 3 روزہ سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے

 

واشنگٹن (پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان پہلے سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے۔ پاکستان ہاؤس پہنچنے پر پاکستانی کمیونٹی  نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم سے آج آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے حکام ملاقاتیں کریں گے۔ امریکی  صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کل وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہو گی۔

 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 3 روزہ سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے۔ واشنگٹن ایئرپورٹ پہنچنے پر امریکی محکمہ خارجہ سے سینئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم سکیورٹی کے قافلے میں واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کی رہائشگاہ پہنچے، جہاں وہ پورے دورے کے دوران قیام کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور مشیر خزانہ عبدالرزاق داؤد بھی ہمراہ تھے۔

پاکستان ہاؤس پہنچنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے عمران خان کا استقبال کیا، نعرے لگائے بھنگڑے ڈال کر کپتان کو خوش آمدید کہا۔ وزیراعظم عمران خان سے ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے تاجر طاہر جاوید نے بھی ملاقات کی۔

 

وزیراعظم آج آئی ایم ایف حکام اورعالمی بینک کے صدر سے ملاقاتیں کریں گے۔ کل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہو گی۔ ٹرمپ انتظامیہ نے عمران خان کے دورہ امریکا کو دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر بنانے کا موقع قرار دیا ہے۔

احمد علی کیف  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں