وزیراعظم نے آئی جی سندھ تبدیل کرنے کی درخواست منظور کرلی

کراچی (پبلک نیوز) وزیراعظم نے آئی جی سندھ تبدیل کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے ملاقات میں آئی جی سندھ کی تبدیلی کا مطالبہ کیا، گورنر سندھ نے بھی حمایت کی۔ اہم ملاقات میں آئی جی سندھ کے لیے زیر غور افسروں میں کسی ایک کو تعنیات کرنے پر بھی اتفاق کر لیا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی کراچی آمد پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر عمران اسماعیل نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ وزیراعظم گورنر ہاؤس روانہ ہوئے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات ہوئی جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔

 

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے مسائل اور مطالبات وزیراعظم کے سامنے رکھے۔ مطالبات میں آئی جی سندھ کا معاملہ، گیس لوڈشیڈنگ، پانی کا مسئلہ اور این ایف سی میں سندھ کا حصہ شامل تھا۔ ذرائع کے مطابق گورنر سندھ نے بھی وزیراعلیٰ کے تمام مطالبات کی حمایت کی۔

 

آئی جی سندھ کے معاملے پر وزیراعلیٰ نے کہا پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اچھے اور قابل افسروں کی ضرورت ہے، چاہتے ہیں معاملہ افہام و تفہیم سے ہی حل ہو جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کے لیے پانچ ناموں میں سے ایک نام پر اتفاق کر لیا ہے۔

 

ملاقات میں گورنر سندھ نے گرین لائن بس منصوبہ، کے فور پراجیکٹ سمیت مختلف پراجیکٹس پر وزیراعظم کو بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے کہ سندھ میں وفاق کی ترقیاتی اسکیمیں التوا میں ہیں، وزیراعظم نے کہا سندھ کی تمام اسکیمز ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائیں گی۔ جو التوا میں ان کو اسد عمر کو کہہ کر جلد منظور کرائیں گے۔ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت بھرپور اقدامات کرے گی۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز تشویشناک ہیں۔ جلد اس اہم مسئلے پر مل کر حکمت عملی تبدیل کریں گے۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ آٹے کے بحران سے متعلق کہا کہ جلد نئی فصل کی خریداری کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس بلائیں گے۔

احمد علی کیف  7 ماه پہلے

متعلقہ خبریں