بہتر طرز حکمرانی ہی ترقی کی بنیاد ہے: وزیراعظم عمران خان

دبئی (پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 60 کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا۔ ہماری تنزلی میں کئی چیزوں کا ہاتھ ہے۔ قوموں کی تاریخ میں نشیب وفراز آتے رہتے ہیں۔

 

ورلڈ گورنمنٹ سمٹ سے خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا۔ یو اے ای کی ایئرلائن کو پی آئی اے نے معاونت فراہم کی۔ بدقسمتی سے ترقی کی رفتار میں کمی ہوئی۔ ہماری تنزلی میں کئی چیزوں کا ہاتھ ہے۔ قوموں کی تاریخ میں نشیب وفراز آتے رہتے ہیں۔ ہماری بیوروکریسی ایشیا کی بہترین بیوروکریسی تھی۔

 

وزیر اعظم عمران خان نے انتہائی دلچسپ مثال دے کر سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے دبئی کے حکمران کے حوالے سے کہا 'شیخ محمد نے مجھے بتایا کہ جب نائن الیون ہوا تو انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ جہاز خرید لو کیونکہ اس وقت سب چیزوں کی قیمتیں کم ہورہی تھیں، اس فیصلے کا یو اے ای کو بعد میں بہت زیادہ فائدہ ہوا۔ اس لیے میں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو کہتا ہوں کہ پاکستان اڑان بھر رہا ہے، یہ وقت ہے کہ آپ پاکستان کی کشتی میں سوار ہوجائیں تاکہ پیسہ کمانے کا موقع ضائع نہ ہو'۔

 

 

عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم اسپتال میں 80 فیصد لوگوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ہسپتال بنانے کا سوچا۔ والدہ کا انتقال ہوا تو احساس ہوا ملک میں کوئی کینسر کا ہسپتال نہیں۔ چاہتا ہوں پاکستان بہتری سے مزید بہتری کی جانب جائے۔ دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے لیے کیا کر رہا ہوں۔ لوگ گزشتہ حکومت پر اعتماد نہیں کرتے تھے، اس لیے ٹیکس نہیں دیتے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بہت مظبوط اور مخیر ہے۔ خیرات دینے میں ہم بہت آگے ٹیکس دینے میں پیچھے ہیں۔ کرپٹ لوگ ٹیکس دینے والوں کا پیسہ چوری کر رہے ہیں۔ ماضی میں ٹیکس حکمرانوں کی عیاشی پر خرچ ہوتا رہا۔ ریاست نے کمزور طبقوں کی ذمہ داری لی۔ عوام کو جوابدہ اور شفاف حکومت ہی بہترین حکومت ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ انگلستان میں مضبوط اداروں کی بالا دستی دیکھی۔ حکومت شفاف ہوگی تو ملک تیزی سے ترقی کرے گا۔ ماحول کے تحفظ کے لیے پیسہ خرچ کر رہے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ملکوں میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے۔ ہماری حکومت اصلاحات کا ایجنڈا لائی ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کے لیے انتظامات کر رہے ہیں۔

 

وزیراعظم کا خطاب کے اختتام پر کہنا تھا کہ پاکستان مزید آگے جائے گا۔ پاکستان میں سیاحت کے بہترین مواقع ہیں۔ ریاست مدینہ میں قانون کی حکمرانی تھی۔ ریاست مدینہ میں پنشن اولڈ ایج بینی فٹ کی بنیاد رکھی گئی۔ ریاست مدینہ کی بنیاد انصاف پر رکھی گئی۔ خیبر پختونخوا میں 5 سال میں غربت میں 50 فیصد کمی آئی۔

حارث افضل  1 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں