دنیا بھارت کے ایٹمی ہتھیاروں کی سیکیورٹی سنجیدگی سے لے، عمران خان

 

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت پر ہندو نسل پرستوں اور فاشسٹ قیادت نے ایسے ہی قبضہ جمالیا ہے جیسے نازیوں نے جرمنی پر قبضہ جمایا تھا۔ بھارت کے ایٹمی ہتھیار فاشست مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں اور یہ ایسا معاملہ ہے جو صرف خطے کو نہیں پوری دنیا کو متاثر کر رہا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت پر ہندو نسل پرستوں اور فاشسٹ قیادت نے ایسے ہی قبضہ جمالیا ہے جیسے نازیوں نے جرمنی پر قبضہ جمایا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کے 90 لاکھ کشمیریوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیری 2 ہفتے سے محاصرے میں ہیں۔ دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بج رہی ہیں۔ یہ خطرہ پاکستان اور بھارتی اقلیتوں تک وسیع ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے مبصرین بھی مقبوضہ کشمیر میں بھیجے جا رہے ہیں۔ چالیس لاکھ بھارتی مسلمانوں کو حراست اور شہریت منسوخی کا سامنا ہے۔

 

عمران خان کا کہنا تھا کہ نفرت کا نظریہ اور نسل کشی کا جن بوتل سے باہر آ گیا۔ آر ایس ایس کے غنڈے بے لگام ہیں اور یہ مزید پھیلے گا جب تک عالمی برادری اس کو روکنے کے لیے اقدامات نہیں کرے گی۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا بھارت کے ایٹمی ہتھیاروں کی سیکیورٹی سنجیدگی سے لے۔ بھارت کے ایٹمی ہتھیار فاشست مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں اور یہ ایسا معاملہ ہے جو صرف خطے کو نہیں پوری دنیا کو متاثر کر رہا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مودی کی فاشسٹ قیادت نہ صرف پاکستان، بھارتی مسلمانوں کو ہی نہیں بلکہ نہرو اور گاندھی کے بھارت کو بھی خطرہ ہے۔ نازی آئیڈیالوجی اور آر ایس ایس اور بی جے پی کی نسل کشی کے نظریہ کا تعلق سمجھنا ہو تو صرف گوگل کر کے دیکھ لیں، سب سمجھ آ جائے گا۔

احمد علی کیف  1 ماه پہلے

متعلقہ خبریں