دہشت گردی کیخلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی: ایرانی صدر

تہران (پبلک نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی۔

 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دیرینہ، ثقافتی اور مذہبی ہیں، وزیر اعظم پاکستان اور وفد کی آمد کے مشکور ہیں۔

 

پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون کے اعلامیے پر دستخط کیے۔ ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے دوطرفہ تعلقات پر بات چیت تعمیری رہی۔ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ پاک ایران برادران تعلقات پر کوئی اثرانداز نہیں ہو سکتا۔ پاکستان سے سرحدی معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان سے دہشت گرد حملوں سے متعلق بھی بات ہوئی۔

 

حسن روحانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے گیس پائپ لائن کو جوڑنے کے لیے بارڈر سکیورٹی بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جوائنٹ ریپڈری ایکشن فورس بنائیں گے۔ گوادر اور چاہ بہار بندرگاہ کو بھی جوڑنے پر بات ہوئی۔ امریکا کی جانب سے حالیہ اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ ایران نے اپنی سرحد تک گیس پائپ لائن بچھا دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔ ایران پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایران میں شاندار استقبال پر شکر گزار ہوں۔ زمانہ طالب علمی کے دوران تہران آیا تھا۔ ایران کے حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ ایران میں امیر اور غریب میں کوئی فرق نہیں، جس پر خوشی ہے۔ ہم بھی پاکستان میں انقلاب لانا چاہتے ہیں، جس کا نام "نیاپاکستان" ہے۔ دہشت گردی کا مسئلہ دونوں ممالک کے لیے چیلنج ہے۔ انگریز کے برصغیر میں آنے سے پہلے ہم سب فارسی بولتے تھے۔ پاکستان دہشت گردی سے سب زیادہ متاثر ملک ہے۔ ایرانی معاشرے میں سماجی مساوات کا عکس نظر آتا ہے۔

 

عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی جنگجو گروپ کو اپنی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ دہشت گردی کے واقعات دونوں ممالک میں دوریاں پیدا کر سکتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔ دورے سے ایک دوسرے کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ انصاف کے بغیرامن ممکن نہیں ہوتا۔ فلسطینی عوام کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ مسئلہ کشمیرکا حل ہی خطے میں امن کا ضامن ہے۔ دنیا میں ایران صحت کی سہولیات میں پہلے نمبر پر ہے۔ اسرائیل کا یروشلم کو دارالحکومت بنانے کا اعلان غیرقانونی ہے۔

حارث افضل  3 ماه پہلے

متعلقہ خبریں