وزیراعظم کی 'نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ' کا عملی کام جلد شروع کرنیکی ہدایت

اسلام آباد (ٹکا خان ثانی) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ حکومت کے اہم منصوبوں میں سر فہرست ہے جس سے نہ صرف گھروں کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ معیشت کا پہیہ تیز ہوگا اور نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کا اجلاس ہوا جس میں ہاؤسنگ ٹاسک فورس نے وزیرِ اعظم کو پراجیکٹ پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کی منظوری کا مسودہ بہت جلد کابینہ کو پیش کر دیا جائے گا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا ڈرافٹ بھی ایک ہفتہ کے اندر پیش کر دیا جائے گا۔ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام سے ریگولیٹری شعبے کو ڈویلپمنٹ سے علیحدہ کر دیا جائے گا۔

اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے انٹرسٹ ریٹس کی تجاویز بہت جلد ٹاسک فورس کے ممبران سے شئیر کر لی جائیں گی۔ فور کلوژر لاز کو دو ہفتوں میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ اربن ری جنریشن کے حوالے سے قانون کا مسودے کودو ہفتوں میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ پراپرٹی کے حوالے سے زیر التوا قانونی کیسز میں جہاں تمام کوائف مکمل ہیں ان کو آئندہ نوے دنوں میں نمٹایا جائے۔

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے تحت ڈیڑھ لاکھ سرکاری ملازمین کے لیے تعمیر کیے جانے والے مکانات پر پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کہا گیا کہ ڈیڑھ لاکھ ملازمین کے لئے رہائشگاہوں کی تعمیر کے لئے اظہار دلچسپی کے اشتہار پر اب تک اکتالیس پرائیویٹ کمپنیوں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور اٹھاسی تجاویز جمع کرائی گئیں۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ ان میں سے 25کمپنیوں نے ایک مقام پر جبکہ 14کمپنیوں کی جانب سے مختلف مقامات پر مکانات کی تعمیر اور زمین کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لیے سروے فارمز اور عوام کی جانب سے ردعمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ حکومت کے اہم منصوبوں میں سر فہرست ہے جس سے نہ صرف گھروں کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ معیشت کا پہیہ تیز ہوگا اور نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ سے متعلق تمام کاروائی کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ پراجیکٹ پر عملی کام کا آغاز جلد کیا جا سکے۔

احمد علی کیف  7 ماه پہلے

متعلقہ خبریں