شہباز شریف کی وطن واپسی، ن لیگی رہنماؤں نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا

لاہور(پبلک نیوز) شہباز شریف کی وطن واپسی پر مریم اورنگزیب نے حکومت پر طنز کے تیر برسا دیئے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ان کے ترجمان آج منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، جھوٹ بولنے والوں کو مستعفیٰ ہو جانا چاہیئے۔ حکومتی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف قوم کو یقین دلائیں کہ وہ مقدمات کا سامنا کریں گے اور واپس نہیں جائیں گے۔

 

شہباز شریف کی وطن واپسی کے بعد ن لیگی رہنماؤں نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے، شہباز شریف کی وطن واپسی پر مریم اورنگزیب نے حکومت پر طنز کے تیر برسا دیئے، وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا عمران خان صاحب، شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے، اب آپ کے گھبرانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بول کر عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ لیگی رہنماء امیر مقام نے کہا کہ شہباز شریف نے واپس آکر مخالفین کے منہ بند کر دیئے ہیں۔ یو ٹرن لینا مسلم لیگ ن نہیں تحریک انصاف کا وطیرہ ہے۔

 

احسن اقبال نے بھی حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی بیماری کا مذاق اُڑایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے پی ٹی آئی کی سیاست بہتان، نفرت اور تکبر پر مبنی ہے۔ حکومتی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے بھی سیاسی مخالفین سے حساب برابر کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے 2 ہفتے کا ریلیف دیا، شہباز شریف نےاسے 2 ماہ میں تبدیل کر دیا، عوام نے لندن کی سڑکوں پر انہیں بھاگتے دوڑتے دیکھا ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کے مسائل شریف خاندان کے پیدا کردہ ہیں، شہباز شریف قانون کی حکمرانی کو تسلیم کرتے ہوئےعدالتوں میں پیش ہوں۔

عطاء سبحانی  2 ہفتے پہلے

متعلقہ خبریں