الیکشن کمیشن اپنی پسند نا پسند کے مطابق کام نہ کرے: ن لیگ

اسلام آباد (پبلک نیوز) رہنما مسلم لیگ ن سردارایاز صادق نے الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام  عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخصوص حلقوں میں آر او کی مرضی سے دوبارہ گنتی ہورہی ہے۔ الیکشن کمیشن اپنی پسند نا پسند کے مطابق کام نہ کرے۔ قانون کے مطابق چلے۔ ادارے کے رویے پر افسوس ہے۔

مسلم لیگ ن کے وفد نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کی جس دوران ایازصادق کا کہنا تھا کہ اب بھی اسپیکر قومی اسمبلی ہوں۔ چیف الیکشن کمشنر کو کم از کم فون کال کا جواب دینا چاہیے تھا۔ قانون میں 5 فیصد ووٹوں کا فرق ہو تو دوبارہ گنتی ہو سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کے کراچی کے حلقہ میں انتہائی تھوڑا فرق ہے مگر دوبارہ گنتی کی اجازت نہیں دی گئی۔ پانچ سال میں الیکشن کمیشن کا کام انتخابات کرانا ہوتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا انتظار کرتے رہے مگر وہ ملاقات کے لیے نہیں آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا الیکشن کمیشن پورے خطےمیں سب سے زیادہ بااختیار ہے۔ الیکشن کمیشن کو ان کی مرضی کے اختیارات دیئے گئے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے چیف الیکشن کمشنر نے ملاقات نہ کرنے پر آگاہ بھی نہیں کیا۔

لیگی رہنما نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سے استعفیٰ کا مطالبہ تمام جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ آئے گا۔ آج بارہ بجے چیف الیکشن کمشنر کو فون کیا۔ مسلم لیگ ن کو انتخابات سے متعلق جو تحفظات ہیں ان سے متعلق آگاہ کرنا تھا۔ پولنگ ایجنٹ پولنگ اسٹیشنز کے باہر تھے۔

احمد علی کیف  1 سال پہلے

متعلقہ خبریں